”نیب سیاسی انتقام کا تاثر دور کرے“ زرداری کا قاسم ضیاءکی گرفتاری پر اظہار تشویش

Aug 11, 2015

کراچی(این این آئی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری نے پارٹی کے سابق صدر پنجاب قاسم ضیاءکی نیب کی جانب سے گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک کمپنی کے ڈائریکٹر کو سٹاک مارکیٹ میں ہیرپھیر کے الزام میں گرفتار کر لیا، جبکہ اسی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیا۔ اس انداز سے گرفتاری پر سوالات اٹھتے ہیں کہ اس گرفتاری کے پیچھے کون سے مقاصد کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاسم ضیاءکا کہنا ہے کہ وہ 2008ءسے وہ نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے متعدد بار پیش ہو چکے اور اپنا موقف بیان کردیا اسکے باجود قاسم ضیاءکو رات کو انکے گھر پر دھاوا بول کر گرفتار کرنا ایک سیاسی لیڈر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ سابق صدر پاکستان نے کہا کہ نیب کو چاہیے کہ وہ اس تاثرکو ختم کرنے کیلئے اپنے موقف کو واضح کرے کہ وہ سیاستدانوں کوسیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہا۔ دریں اثناءآصف زرداری نے اقلیتوں کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے غیرمسلم پاکستانی بھائیوں کو سماجی اور سیاسی طور پر ہم آہنگ کرنے، انکے خدشات دور کرنے، ان کی ملک کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے غیرمسلم بھائیوں کیلئے مساوی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی جیسا کہ ہمارا مذہب ہمیں تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے خدشات سے واقف ہے اور درسی کتب میں اقلیتی برادری کے بچوں کا خیال رکھا جانا چاہیے اور اس مسئلہ کو حل ہونا چاہئے اور اقلیتوں کی عبادتگاہوں اور مقدس مقامات کی حفاظتی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جائیں۔
زرداری

مزیدخبریں