اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاق کو بنائے گئے رولز کا جائزہ لیکر نوٹیفکیشن اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ الیکشن کمشن کو پہلے شیڈول کے مطابق غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فیس(سیکورٹی) واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ لوگوں کو زیادہ دیر تک عوامی نمائندووں کے انتخاب سے نہیں روکا جاسکتا شکر ہے کچھ پیش رفت تو ہوئی ،جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ نچلی سطح پر لوکل باڈی کو رولز میں ترامیم کا اختیار نہ دیکر تو بیوروکریسی نے کنٹرولڈ مقامی حکومتیں بنانے کی پیش بندی کرلی ہے یہ اسی طرح ہے کہ لوکل باڈی الیکشن سے پہلے ہی عوامی نمائندووں کو شکنجے میں جکڑ لیا گیا ہو۔