قلات: ٹرالر نے گاڑیوں‘ ریڑھی بانوں کو کچل ڈالا‘ 13 افراد جاں بحق‘ 25 زخمی

Aug 11, 2015

خضدار (نیوز ایجنسیاں) قلات کے علاقے منگوچر میں بریک فیل ہوجانے کے باعث ٹرا لر نے فٹ پاتھ پر موجود گاڑیوں، ریڑھی بانوں اور تھڑا فروشوں کو روند ڈالا۔ ایک مسافر وین سمیت سات گاڑیاں بھی ٹرالر کے زد میں آگئیں۔ خوفناک حادثے میں 13افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق حادثہ پیر کے روز ضلع قلات تحصیل خالق آباد میں پیش آیا جہاں کراچی سے کوئٹہ جانے والا کوکنگ آئل سے بھرا ٹرالر بے قابو ہوگیا اورکوئٹہ سے قلات آنے والی مسافر وین اور آئل ٹینکر کو ٹکر مارنے کے بعد سڑک کے کنارے کھڑی چھ گاڑیوں پر چڑھ گیا۔ بے قابو ٹرالر نے کئی راہ گیروں کو بھی کچل دیا۔ لیویز حکام کے مطابق حادثے میں 13 افراد موقع پر ہیں جاں بحق ہوگئے اور 25 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہو نے والوں میں ویگن میں سوار آٹھ افراد بھی شامل ہیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور لیویز موقع پر پہنچ گئے اور مقامی لوگوں کی مدد سے امدادی سرگرمیا ں شروع کیں ٹرالر کو ہٹا کر نعشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ جاں بحق افراد میں بیشتر کا تعلق منگچر سے ہے ہلاک شدگان محمد انور، جمال الدین، محمد رازق، میر گل زاحد، محمد اسحاق، عبدالمنان، سبزل خان، طاہرہ، ڈرائیور اختر علی سکنہ لنڈی کوتل شامل ہیں۔ قلات لیویز نے ضروری کاروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے حادثے پر بڑے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں