اقلیتوں کا عالمی دن آج اور نوجوانوں کا کل منایا جائے گا‘اقلیتی برادری کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا: صدر، وزیر اعظم کے پیغامات

Aug 11, 2015

لاہور/اسلام آباد (صباح نیوز+اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میںآج اقلیتوں کا دن منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں و دیہاتوں میں مینارٹیز الائنس کے زیر اہتمام تقریبات انعقاد پذیر کی جائیں گی علاوہ ازیں نوجوانوں کا عالمی دن کل منایا جائے گا۔ اس دن کے منانے کا مقصد نوجوانوں کے مسائل اوران کی ترقی کیلئے مواقع کو تلاش کرنا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف نے اس عزم کی تجدید کی ہے وطن عزیز میں اقلیتی برادری کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور بحیثیت شہری انہیں زندگی کے ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کرنے کے تمام مواقع حاصل رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری دین اسلام کی تعلیمات میں اہم حیثیت رکھتی ہے رواداری، باہمی احترام اور ہر طرح کے امتیاز کے بغیر انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کا بنیادی تقاضا ہے، ہمارے آئین میں بھی اس اسلامی اصول کو پوری طرح سمو دیا گیا ہے۔ ادھر صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، جمہوری روایات کے فروغ کیلئے مذہبی ہم آہنگی کی کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) منگل کو منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 11 اگست کا دن ہمارے ملکی کیلنڈر میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں