بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے مندر میں بھگڈر مچنے سے 11 افراد ہلاک‘ 20 زخمی

نئی دہلی (آن لائن) بھا رت کی شمال مشرقی ریاست جھاڑ کھنڈ کے دیوگھر میں واقع بابا بیدھ ناتھ مندر میں بھگدڑ کے باعث11 افراد ہلا ک اور 20زخمی ہوگئے۔ دیوگھر کے ڈپٹی کمشنر امت کمار نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کی صبح ساڑھے چار بجے اس وقت ہوا جب یاتری ہندو دیوتا پر پانی چڑھانے کے لیے قطار میں لگے ہوئے تھے۔ ان کے مطابق یاتریوں کے درمیان آگے جانے اور پہلے پانی چڑھانے کی دوڑ میں یہ بھگدڑ مچی۔ خیال رہے کہ دیو گھر کے مندر میں اس موقع پر زبردست بھیڑ رہتی ہے اور عقیدت مند بہار کے سلطان گنج سے گنگا کا مقدس پانی لے کر سینکڑوں میل پیدل چل کر وہاں پانی چڑھانے جاتے ہیں۔ ہندو دیوتا شیو کے عقیدت مند ہر سال اتراکھنڈ کے مندر ہری دوار، گو مکھ اور گنگوتری کے علاوہ جھاڑ کھنڈ کے دیو گھر جاتے ہیں۔ اس مذہبی سفر کی مقبولیت میں1990 کی دہائی میں اضافہ ہوا۔ امت کمار نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمی ہونیوالے افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں کئی کی حالت نازک ہے۔ اس سے قبل بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع داتیا میں رتن گڑھ ماں نامی مندر کے پاس بنے پل پر مچنے والی بھگدڑ میں 111 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن