ادویات کی قیمتیں ازخود بڑھانے پر ایک لاکھ سے 10 کروڑ تک جرمانہ، 3 سال قید

Aug 11, 2016

اسلام آباد(صباح نیوز)ادویات کی قیمتیں خود بڑھانے والے مینوفیکچرز ،ڈیلرز اور ریٹیلرز کو اب 1لاکھ سے 10کروڑ روپے تک جرمانے کے ساتھ جیل بھی جانا پڑ ے گا۔سمری منظوری کے لیے جلد وزیراعظم کو بھجوا ئی جائے گئی ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہیلتھ ریگولیشن کو بریفینگ دیتے ہوئے سی ای او ڈرایپ ڈاکٹر اسلم افغانی نے بتایا کہ ادویات کی قیمتوں میں خود سے اضافہ کرنے والوں کو جرمانے کی سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائی مگر انھوں نے سزا کی ترمیم کی تجویز کے ساتھ سمری واپس بھجوا دی۔اب نئی سمری کے تحت خود سے قیمتوں میں اضافے کرنے والے مینوفیکچرز کے خلاف 10کروڑ روپے تک جرمانے کے ساتھ 3سال سزا ،ڈیلرز کو 3لاکھ تک جرمانہ اور 2سال جیل جبکہ مہنگی ادویات فروحت کرنے والے ریٹیلرز کو ایک لاکھ جرمانہ اور ایک سال قید ہو سکتی ہے۔ سمری کو منظوری کے لیے دوبارہ وزیراعظم کو بھجوایا جائے گا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک میں سالانہ 3ارب ڈالر کی ادویات تیار ہوتی ہیں جن میں 2فیصد غیر معیاری اور اعشاریہ ایک فیصد جعلی ادویات ہوتی ہیں ۔ جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ بارکوڈ رولز کے تحت دوائوں کی پیکنگ کو ٹیکنالوجیکل ٹولز کے ذریعے کوکوڈنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر مرحلہ وار کام شروع کردیا گیاہے۔اس کوڈنگ کے تحت دوا خریدنے والا اپنے موبائل کے ذریعے دوائوں کے اصلی یا نقلی ہونے کا پتا بھی چلا سکے گا۔

مزیدخبریں