اسلام آباد (صباح نیوز) چینی قیادت کے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے پاکستانی قیادت کے نام تعزیتی پیغامات، چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو تعزیتی خطوط بھجوائے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں‘ دہشتگردی انسانی معاشرے کی مشترکہ دشمن ہے ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ اور پاکستان کی سکیورٹی کے لئے دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے تیار ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ چینی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کو تعزیتی خط میں لکھا ہے کہ انہیں کوئٹہ دھماکے پر گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا۔ انسانی جانوں کے ضیاع پر ہمیں بہت صدمہ ہے۔ چینی عوام اس موقع پر پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں‘ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشتگردی کے حملے کی مذمت کرتا ہے، ہم دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں، قومی استحکام کے تحفظ اور اپنے عوام کی جانوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے چینی وزیر اعظم لی کی کیانگ نے وزیر اعظم نواز شریف کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کے متاثرین سے پرخلوص ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی اورکرتا رہے گا ہم دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے نام اپنے تعزیتی خط میں کہا کہ کوئٹہ کا دھماکہ ہمارے لیے صدمے کی بات ہے ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں دہشتگردی انسانی معاشرے کی مشترکہ دشمن ہے ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ اور پاکستان کی سکیورٹی کے لیے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ چین انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
کوئٹہ دھماکے پر گہرا صدمہ ہوا‘ پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں: چینی صدر‘ وزیراعظم
Aug 11, 2016