ڈھاکہ+لاہور(نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) بنگلہ دیش میں ایک بار پھر جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ کو سزائے موت کا حکم سنایا گیا ہے۔ سخاوت حسین کو خصوصی عدالت نے 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سزا سنائی گئی۔ دیگر 7 افراد کو عمرقید کی سزا سنائی گئی‘ ان تمام افراد پر جنگی جرائم کا الزام تھا۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، حافظ محمد ادریس، اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم، میاں محمد اسلم اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، جماعت اسلامی کے ذمہ داروں اور کارکنان نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما سخاوت حسین کو نام نہاد وارکرائم ٹریبونل کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگی ٹریبونل انصاف کا قتل عام کر رہے ہیں۔ حسینہ واجد بھارتی ایما پر اسلام پسندوں کا چن چن کر عدالتی قتل کروا رہی ہے لیکن پاکستانی حکمران بنگلہ دیش میں ہونے والے ظلم پر چپ سادھے بیٹھے ہیں اور زبان کھولنے کو تیار نہیں۔ سراج الحق نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے بنگلہ دیش میں جاری نام نہاد عدالتی قتل عام کا نوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔
بنگلہ دیش:71 ء میں پاکستان کا ساتھ دینے پر جماعت اسلامی کے رہنماسخاوت حسین کو سزائے موت
Aug 11, 2016