لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن ایم کے انور بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کے دوران الگ وطن کے حصول کیلئے مسلمانان برصغیر کا جوش و جذبہ عروج پر تھا اور پاکستان انہی جذبوں کی پیداوار ہے۔ خواتین نے بھی تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ”مےں نے پاکستان بنتے دےکھا“ کے عنوان سے منعقدہ لیکچرکے دوران کیا۔ایم کے انور بغدادی نے کہا کہ جان و مال کی لازوال قربانیوں کی بدولت حاصل ہونیوالا یہ ملک انشاءاللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ نئی نسل ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپور کردار کرے اور خوب تعلیم حاصل کر کے پاکستان کانام دنیا میں روشن کرے۔