لاہور + گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور پولیس نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریلی کے روٹ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن شاہدرہ کے مقام پر جنگل میں بھی کیا گیا۔ سرچ آپریشن میں پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ داتا دربار اور اس کے اطراف میں سخت چکنگ کی گئی ہے۔ روٹ کے اطراف کی تمام بلڈنگز اور دکانوں کی تلاشی لی گئی اور ان کے مالکان سے حلف نامے لئے گئے ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میاں نوازشریف کی آمد سے قبل پولیس کا ڈسٹرکٹ میں سرچ آپریشن کیا گیا اور سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی آمد سے قبل کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس نے سرچ آپریشن جبکہ جی ٹی روڈ کے دونوں طرف تمام ہوٹلوں‘ مارکیٹوں اور اہم عمارتوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ہزار سے زائد افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران سات افراد کو حراست میں لیا گیا۔ زیرحراست ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
سرچ آپریشن