کراچی/اسلام آباد(غزالہ فصیح +نمائندہ خصوصی)پاکستان سے جذام کے مرض کا مکمل خاتمہ کرنے والی جرمن نژاد ڈاکٹر روتھ فاﺅ 88سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ پاکستانی مدر ٹریسا کہلانے والی ڈاکٹر روتھ فاﺅ نے ز ندگی کے 57سال پاکستان کی خدمت میں گزارے‘ رہبانیت کی پیروکار ڈاکٹر روتھ فاﺅ1960میں پاکستان آئیں ‘ کراچی کے مضافات میں گداگر بستیوں سے انہوں نے کوڑھ کے مریضوںکاعلاج شروع کیا۔ جھونپڑی میں قائم کردہ مطب کو بعد ازاں میری ایڈلیڈ لپروسی سینٹر میں تبدیل کردیا گیا۔ ڈاکٹر روتھ فاﺅ اپنے آخری وقت تک لپروسی سینٹر کی بالائی منزل پرواقع دو کمروں کی رہائش گاہ میں مقیم رہیں۔ گزشتہ چند ماہ کی علالت کے علاوہ مرحومہ اپنا بیشتر وقت مریضوں کے ساتھ گزارتی تھیں۔ جذام کے خاتمے کے بعد لپروسی سینٹر میں ٹی بی اورآنکھوں کے امراض کا علاج شروع کردیا گیا۔ نمائندہ نوائے وقت نے گزشتہ سال ڈاکٹر رتھ فاﺅ کا انٹرویو کیا تھا جس میں اس سوال کے جواب میں کبھی آپ کو اپنے ملک جرمنی واپس جانے کا خیال آیا؟ کے جواب میں انہوں نے کہا”کوڑھ کے مریضوں کے غم نے مجھے پاکستان میں روک لیا ایسے مریض جنہیں انکے اپنے چھوڑ چکے تھے‘ انکے جسم کے کیڑے کون چنتا اس لئے میں یہاں رہ گئی“۔ ڈاکٹر روتھ فاﺅ نے پاکستان کی شمالی علاقوں سمیت جذام سے متاثرہ تمام جگہوں کے دورے کئے انکی بے مثال کوششوں کے باعث پاکستان نے WHO کے مقرر کردہ ہدف (2000) سے چار سال پہلے 1996 میں جذام پر قابو پالیا۔ ڈاکٹر رتھ نے پاکستان میں جذام کے 157مراکز قائم کئے ۔ حکومت پاکستان نے انہیں ہلال امتیاز ‘ہلال پاکستان اورستارہ قائداعظم سے نوازا‘انہیں جرمنی کے سب سے اعلیٰ اعزاز آرڈر آف دی کراس کے علاوہ میگا سسے اوردیگر بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر روتھ فاﺅ نے دس کتابیں لکھیں‘ وہ آخری وقت تک انسانیت کی خدمت میں مصروف رہیں۔ انہوں نے کہا”اندھیرے کو برا بھلا کہنے سے بہتر ہے ایک شمع جلائی جائے اورا سے روشن رکھیں“۔ ڈاکٹر روتھ فاﺅ نے زندگی اسی مقولے کے تحت گزاری۔ انہیں 19اگست کو سپردخاک کیا جائے گا۔ آخری رسومات صدر میں واقع سینٹ پیٹرکس چرچ میں ادا کی جائینگی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جذام کے مرض کے خلاف کام کرنے والی ممتاز ڈاکٹر روتھ فا¶ کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر روتھ فا¶ گزشتہ روز انتقال کر گئیں تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ساری قوم جذام کے خاتمہ کے لئے ڈاکٹر روتھ فا¶ کی بے لوث خدمات کی معترف ہے۔صدر ممنون حسین‘ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی‘ آرمی چیف‘ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اپنے اپنے پیغامات میں پاکستانی مدر ٹریسا ڈاکٹر روتھ فاﺅ کے انتقال پر گہرے دکھ درد اور غم و رنج کا اظہار کیا ہے۔ ان کی خدمات‘ حب الوطنی اور وفاداری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ خراج عقیدت کی مستحق ہیں جن کی موت سے پیدا ہونے والے خلاءکو بھی پُر نہیں کیا جا سکے گا۔