اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت ہاﺅسنگ کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری ملازمین کو کم لاگت کی معیاری رہائش کی فراہمی کیلئے جلد جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔ وزیراعظم آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی سرکاری ملازمین کی رہائشی ضروریات پوری کرنے اور آئندہ اجلاس میں منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ¾وزیر ہاﺅسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی اور وزارت کے سینئر حکام نے وزیراعظم کو گذشتہ چار برسوں کے دوران وزارت کی کارکردگی اور وفاقی سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے طبقوں کیلئے پی ایچ اے فاﺅنڈیشن سمیت مختلف جاری منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم کو کم اور درمیانی آمدن کے طبقہ کیلئے وزیراعظم کی کم لاگت ”اپنا گھر ہاﺅسنگ سکیم“ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ انہیں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن کی رکنیت مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا تاکہ سرکاری ملازمین کو مختلف کیٹگریز میں کم نرخوں پر رہائشی پلاٹ فراہم کئے جا سکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی رہائشی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کرتے ہوئے میرٹ کی پیروی کی جائے اور اس ضمن میں سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جانی چاہئے۔نمائندہ خصوصی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پارلیمنٹ میں قانون سازی کے عمل اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم سے ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے ملاقات کی۔ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم/ہدایت