اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک انصاف نے چودھری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کر دےا۔ اسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی کیلئے امیدوار ہوں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پرویز الٰہی امیدوار ہوں گے۔ اس کا اعلان رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے بعد میڈیا کیساتھ گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ہمیں واضح اکثریت حاصل ہے۔ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پارٹی نے چودھری محمد سرور کو نےا گورنر پنجاب نامزد اور اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ چودھری سرور گورنر رہ چکے ہیں۔ چودھری سرورگورنر کے آئینی کردار سے واقف ہیں، پنجاب کی سیاست جانتے ہیں وہ پارلیمانی بورڈ کا حصہ بھی ہیں۔ وہ سیاسی استحکام کیلئے بہترین کام کریں گے۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے امیدوار کا اعلان عمران خان خود کریں گے۔ جمعرات کے روز کراچی میں پیر پگاڑا اور جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات ہوئی۔ جی ڈی اے کی قیادت نے مکمل اور غیر مشروط حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان میں جام کمال سے ہماری اچھی بات چیت ہوئی۔ ان کے اتحادیوں سے بھی مذاکرات ہوئے۔ حمایت کرنے پر اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اسد قیصر خیبر پی کے اسمبلی میں سپیکر رہے اور پارلیمانی آداب اور روایات سے واقف ہیں۔ اسد قیصر نے تمام جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے۔ اسد قیصر کا رویہ دوسری جماعتوں کے لوگوں کے ساتھ قابل تعریف ہے۔ ق لیگ، عوامی مسلم لیگ اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں کے مشکور ہیں۔ کچھ ممبران کو ارکان قومی اسمبلی سے رابطے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ پرویز خٹک خیبر پی کے اور فاٹا ارکان قومی اسمبلی سے رابطے میں ہوں گے۔ سندھ میں عارف علوی ارکان قومی اسمبلی سے رابطے میں ہوں گے۔ مغربی پنجاب سے چودھری سرور رابطے میں ہوں گے۔ جنوبی پنجاب سے رابطے کی ذمہ دار مجھے سونپی گئی ہے۔ مشرقی پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے شفقت محمود رابطے میں رہیں گے۔ انہوں نے کہا 13 اگست کو ارکان قومی اسمبلی اور اتحادیوں کو مدعو کر رہے ہیں ایم کیو ایم نے ہمارے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان 18 اگست کواےوان صدر مےں وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین عمران خان سے حلف لےں گے۔ انہوں نے برطانےہ کا دورہ ملتوی کر دےا ہے جہاں انہیں ڈاکٹرےٹ کی اعزازی ڈگری دی جانی تھی اب وہ تقرےب حلف برداری کے بعد برطانےہ جائےں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کوصبح 10بجے طلب کر لےا گےا ہے جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری ہوگی جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا چناﺅ کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم کے انتخاب کے لئے اجلاس یوم آزادی کی تعطیل کے بعد طلب کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے عمران خان کے حلف اٹھانے کی 18 اگست تاریخ مقرر ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کے گرینڈ الائنس نے عمران خان کے مدمقابل مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف کو وزراتِ عظمی کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے سےد خورشید شاہ کو سپیکر قومی اسمبلی اور متحدہ مجلس عمل نے مولانا اسعد محمود کو ڈپٹی سپیکر کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں بھاری اکثریت حاصل کی جس کے بعد وفاق میں حکومت بنانے کے لیے اس کی اتحادی جماعتوں میں ایم کیوایم، بی این پی(مینگل)، بی اے پی اور مسلم لیگ (ق) شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پنجاب اور مرکز میں حکومت تحریک انصاف کی ہو گی، عوام کو انصاف ان کی دہلیز کر ملے گا، کرپشن سے پاک پاکستان ملک کو ترقی کے عروج کی طرف سنگ میل ثابت ہوگا میرٹ سے عوام کو اعتماد حاصل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف اوکاڑہ کے رہنما چوہدری سلیم صادق سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی تمام تر جدوجہد کا مقصد کرپشن سے پاک پاکستان ہے جس پر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے قیادت اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائے گی۔ چوہدری محمد سرورکو گورنر پنجاب نامزد کئے جانے پر آبائی شہر پیرمحل میں خوشی کا سماں تھا۔ پارٹی کارکنان کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی۔ این اے 113سے تحریک انصاف کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی مہرمحمد ریاض فتیانہ، رکن صوبائی اسمبلی آشفہ ریاض فتیانہ اور دیگر نے کہا ہے دوسری بار چوہدری محمد سرور کا گورنر پنجاب نامزد ہونا پیرمحل کے لوگوں کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کے عہدے کا حلف 18 اگست کو اٹھائیں گے۔وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں 92ءکا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی نامزد کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر کے امیدوار کی بھی نامزدگی جلد ہو جائے گی۔ عمران خان منسٹر انکلیو میں رہیں گے۔ منسٹر انکلیو میں عام گھر لیا جائے گا۔ وہاں کی مرمت بھی عمران خان اپنی جیب سے کریں گے سرکاری فنڈ استعمال نہیں ہو گا۔ ارکان اسمبلی 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں سادگی کے ساتھ ہو گی۔ وقت کی کمی کے باعث سارک سربراہوں کو بلانا ممکن نہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ بنی گالہ کی تزئین و آرائش کے اخراجات عمران خان کریں گے۔ نئی کابینہ کے بارے میں ابھی کوئی نامزدگی نہیں ہوئی۔ اٹھارہ اگست تک حکومت سازی مکمل ہو جائے گی۔ پاکستان بھارت تعلقات میں بہتری خطے کے مفاد میں ہے۔ تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ بھارت کی طرف سے مثبت جواب پر بہتر ردعمل دیا جائے گا۔ اسد قیصر 15نومبر 1969کو خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول صوابی سے حاصل کی اور اس کے بعد یونیورسٹی آف پشاور سے گریجویشن کی۔ اسد قیصر نے 1996میں پاکستان تحریک انصاف جوائن کی اور اپنا سیاسی کیرئیر بطور ایک ورکر کے شروع کیا اور پھر ضلع صوابی کے صدر کے عہدے تک پہنچے۔2008میں ان کو خیبر پی کے میں تحریک انصاف کا صوبائی صدر بھی بنایا گیا اور وہ عہدہ اسد قیصر نے 2011تک برقرار رکھا۔ مارچ 2013میں اسد قیصر نے پارٹی الیکشن جیتا اور عام انتخابات میں این اے 13اور پی کے 35کی نشستوں پر صوابی سے حصہ لیا جس کے نتیجے میں انہوں نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی لیکن اسد قیصر نے صوبائی نشست کو برقرار رکھا۔ اس کے بعد ان کو خیبر پی کے اسمبلی کی جانب سے سپیکر منتخب کیا گیا جو عہدہ اب تک برقرار ہے۔ الیکشن 2018میں اسد قیصر نے این اے 18صوابی اور پی کے 44سے کامیابی حاصل کی۔ سپیکر قومی اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد قیصر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب سے کہا تھا جو فیصلہ کریں گے قبول کروں گا۔ عمران خان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلوں۔ خیبر پی کے میں بھی ہمارا مینڈیٹ کم مارجن کے ساتھ تھا، پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں، لیڈر نے جو فیصلہ کیا سب نے قبول کیا۔ پرویز خٹک اور میں نے 5 سال میں صوبے میں احسن طریقے سے فرائض سرانجام دیئے۔ نگران حکومت نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15اگست کو بلانے کیلئے سمری منظوری کیلئے گورنر پنجاب کو بھجوا دی۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیر قانون پنجاب ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کرنے کی سمری تیار کر لی ہے۔ سمری منظوری کیلئے گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ اگر گورنر پنجاب نے اس سمری کی منظوری دیدی تو پھر پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست بروز بدھ کو ہو گا۔ دوسر طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ فرمان کو گورنر خیبر پی کے لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی خیبر پی کے کی قیادت کے اجلاس میں کیا گیا جس میں محمود خان، پرویز خٹک، عاطف خان، شاہ فرمان، شہرام ترکئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہرام خان ترکئی کو سینئر وزیر صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، عاطف خان کو صوبائی وزیر تعلیم و توانائی کا قلمدان دیا جائے گا۔ مزیدبرآں عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پوری قوم جشن آزادی بھرپور جذبے سے منائے ہم قائداعظم کے ویژن نئے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم جشن آزادی بھرپور جذبے اور خوشی سے منائیں اور خاص کر اس موقع پر جب ہم قائداعظم کے ویژن کے مطابق نئے پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
چودھری سرور