ملک کی تعمیر و ترقی‘ امن و امان کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا: جنرل (ر) راحیل شریف

Aug 11, 2018

ریاض(امیر محمد خان )اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر اور پاکستانی فوج کے سابق سپہ سالار جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کہا کہ کہ آئندہ چند سالوں کے دوران پاکستان اقتصادی طاقت بن کر ابھرے گا اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں امن وامان کی صورتحال بھی بہتر ہوگی پاکستان ہمارا ملک ہے اس کی تعمیر و ترقی میں ہمیں ملکر کام کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفارت خانہ پاکستان میں بزم ریاض کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اس کے عوام باصلاحیت اور ملک سے بے پناہ پیار کرنے والی قوم ہے میں سعودی عرب سمیت جہاں بھی جاتا ہوں تو مجھے فخر ہوتا ہے کہ دنیا میں جہاں بھی پاکستانی مقیم ہیں وہ اپنی شاندار صلاحیتوں اور اپنی کارگردگی کے بل بوتے پر اپنا الگ مقام اور شناخت بنائے ہوئے ہیں اس سے ملک کا نام روشن ہو رہا ہے پاکستان کو مزید بہتر بنانے کے لئے مزید محنت اور لگن کے ساتھ مشترکہ کوششوں سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکتا ہے جب قومیں ملکر جدوجہد کرتی ہیں تو تمام تر سنگ میل عبور کر لئے جاتے ہیں پاکستانی کی ترقی کا سفر اور مستقبل اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں پوشیدہ ہے ہمیں علامہ اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ملکی ترقی و استحکام کو یقینی بنانا ہوگا پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے اور جمہوری نظام مضبوط ہو رہا ہے نئی آنے والی حکومت کے بارے میں امید ہے کہ وہ پاکستان اور اس کی عوام کی بھلائی کے لئے بھرپور کام کرے گی ہمارا ترقی کا سفر جاری ہے۔ اوورسیرز پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ ملک کی نیک نامی کے لئے کام کریں۔ بزم ریاض کی تقریب کے حوالے سے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ وہ بزم کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ یوم آزادی کی تقریب سے سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے آزادی کی قدرو قیمت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک لاکھوں قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا اس کی بقا کے لئے ہمیں ایک جان ہوکر کام کرنا ہوگا ۔تقریب سے ہیڈ اف چانسری سیف اللہ خان،بزم ریاض کے صدر ریاض راٹھور، جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق، وسیم ساجد، اشعر نور،نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں