رحیم یارخان(خبرنگار)پاکستان مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے رہنما رانا شیرافگن ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عوام میں ملکی اداروں کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بداعتمادی قابل تشویش ہے ، شریف خاندان کے خلاف جاری محاذ آرائی کا خاتمہ ملکی سیاست میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے ، عمران خان بیرونی طاقتوں کے مضبوط آلہ کار بن چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو پابند سلاسل کر کے انہیں انتخابی عمل سے دور رکھنا جمہوری اقدار کی نفی اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنے ہر دور حکومت میں میرٹ او رشفافیت کو فروغ دیا ، پاکستان مسلم لیگ ن کو وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی سزادی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں ملک میں عوام دشمن پالیسیوں کا نفاذ چاہتی ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بیرونی قوتوں کے لئے مہرے کا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے شریف خاندان کے خلاف جاری محاذ آرائی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔