اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جمعہ کے روز بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے بنی گالہ میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات جس میں شاہ محمود قریشی، نعیم الحق، ڈاکٹر شہزاد وسیم، ڈاکٹر شیریں مزاری، فواد چوہدری عمران خان کے ہمراہ تھے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے پاکستان بھارت مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے امید کرتا ہوں کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں منعقد ہوگا اس موقع پر بھارتی ہائی کمشنر نے پاک بھارت تعلقات میں مثبت دور کے آغاز کی امید ہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور چیئرمین تحریک انصاف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو سے امید نے جنم لیا ہے بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ بھارت پرامید ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت ڈگر پر چل نکلیں گے ملاقات کے دوران بھارتی ہائی کمشنر نے چیئرمین تحریک انصاف کو بلا بطور تحفہ پیش کیا۔ بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے پیش کئے گئے بلے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط بھی موجود ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں پاکستان بھارت تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارتی سفیر نے پاکستان میں نومنتخب حکومت کیساتھ تعاون، اشتراک میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر دیا، اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے چیئرمین حبیب بینک لمیٹڈ سلطان الانہ نے ملاقات کی جس میں ملک کی معیشت کی بحالی کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گلوکار شہزاد رائے اور ایم این اے علی زیدی موجود تھے۔ عمران خان نے گفتگو میں کہاکہ آپ کا بینک ملک کا سب سے بڑا بنک ہے ہم چاہتے ہیں ملکی معیشت کو بہتر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔دوسری طرف بھارتی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کی جانب سے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری کے لیے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ راویشں کمار نے میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ دعوت نامہ موصول ہوا تو تب ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
عمران