لاہور (سٹاف رپورٹر) بادامی باغ کے علاقہ میں سوتیلی ماں کے مبینہ تشدد سے 3سالہ بچی جاں بحق ہو گئی پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بادامی باغ کے رہائشی عرفان نامی شخص نے تین شادیاں کررکھی تھیں صبح عرفان کسی کام کے سلسلے میں شہر سے باہر گیا ہوا تھا کہ اس کو اطلاع ملی اس کی بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے جس پر اس نے اپنے کاروباری پارٹنر شاہ زیب کو فون کرکے کہا کہ اس کی بیٹی مریم کو ہسپتال لے جائے، فوری طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال لے گیا جہاں تھوڑی دیر گزرنے کے بعد مریم کی طبیعت اچانک زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے چل بسی، دوست نے عرفان کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا تو اس نے کہا کہ بچی کی نعش اس کے ننھیال کے گھر بھجوا دو جب وہ لوگ وہاں پہنچے تو واویلہ مچ گیا انہوں نے کہا کہ اس کی موت نہیں ہوئی بلکہ بچی کی سوتیلی والدہ فائقہ نے اسے قتل کیا ہے اس کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کے نعش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوادی ۔ پولیس کے مطابق نعش پر کسی بھی قسم کے تشدد کے نشان موجود نہیں ہیں لیکن پھر بھی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
بادامی باغ: سوتیلی ماں کے مبینہ تشدد سے 3سالہ بچی جاں بحق
Aug 11, 2018