لاہور+ اسلام آباد+ قلعہ دیدار سنگھ+ نوشہرہ ورکاں+ کوئٹہ (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری رہنے والے فواد حسن فواد کے اہم انکشافات پر چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز شہزاد سلیم کو 13اگست کو صبح 10بجے نیب میں پیش ہونے کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے اور انہیں تمام ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آشیانہ اقبال سیکنڈل میں فواد حسن فواد کے انکشافات پر نیب نے کامران کیانی کو طلب کر لیا۔ نیب نے سابق چیئرمین پی ایل ڈی سی شیخ علاء الدین، سابق ڈی سی او لاہور نسیم صادق کو بھی طلب کرلیا گیا۔ شیخ علاء الدین اور شیخ صادق اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ متعلقہ افسران کی طلبی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع، فواد حسن فواد کے مزید 15روزہ ریمانڈ کی استدعا کی ہے۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار سے کے مطابق احتساب عدالت نے آصف ہاشمی کیخلاف دائر نیب ریفرنس کی سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کے خلاف دائر نیب کے ریفرنس کی سماعت 27 اگست تک کیلئے ملتوی کی ہے۔ گزشتہ روز ہونیوالی سماعت پر نیب لاہور نے آصف ہاشمی کو عدالت میں پیش کیا۔ فاضل عدالت نے جب ان کے خلاف 777 افراد کی بھرتی سے متعلق ضمنی ریفرنس کی کاپیاں دیں تو آصف ہاشمی نے یہ کہا کہ ان کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہو سکے اس لئے انہوں نے ضمنی ریفرنس کی کاپیاں وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ جس پر عدالت نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کو 27 اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اسلام اباد سے نامہ نگار کے مطابق نیب راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی جنرل مینجروزارت کامرس ہائوسنگ سوسائٹی کو گرفتار کرکے عدالت سے ملزم کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، ملزم پر ہاوسنگ سوسائٹی میں غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ اور کروڑوں روپے فنڈ خردبرد کا الزام ہے۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ وزارت کامرس ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈپٹی جنرل منیجرکو جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر بوگس دستاویزات بنا کر فائلزشہریوں کو الاٹ کی۔ ملزم رانا غلام فرید، سید عامر حسین، مظہر حسین اور محمد اکرم کو پہلے ہی گرفتار کیا جاچکا ہے۔ قلعہ دیدار سنگھ+نوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت/نامہ نگار کے مطابق ’’ناہرا برادران ‘‘نے قومی احتساب بیورو میں اپنے ذرائع آمدن اور بیان ریکارڈ کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ‘‘ناہرا برادران’’ کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا تھا جس پر حاجی مدثر قیوم ناہرا، چوہدری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے گذشتہ روز نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے اور نیب کی طرف سے پوچھے گئے تمام سوالات کے جوابات جمع اور اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا۔احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج منور احمد شاہوانی نے گندم خوردبردکے الزام میں گرفتار محکمہ خوراک کے 4افسران کو 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے ۔ نیب حکام کی جانب سے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر پی آر سی ژوب سینٹرگل جان ، اسسٹنٹ اکائونٹس آفیسر ژوب شفیق الرحمان ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر پی آر سی ، چمن قلعہ عبداللہ ،محمد نعیم علیزئی ، اسسٹنٹ فوڈ انچارج پی آر سی مسلم باغ ہمایوں خان کو عدالت کے روبرو پیش کرکے ان کی 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت کے جج نے ملزمان کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 20اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔