رواداری کے فروغ‘ عوام کی طاقت سے ہی انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں کامیابی ہوئی: صدر ممنون

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ عام انتخابات میں جنرل نشستوں پر اقلیتی امیدواروں کی کامیابی بڑی پیشرفت ہے اب یہ پروپیگنڈا ختم ہونا چاہئے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے مواقع حاصل نہیں۔ اقلیتوں پر جب مشکل وقت آیا پاکستانی قوم اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی۔ علماء اور مذہبی پیشواؤں نے ہمیشہ رواداری کے فروغ کیلئے کام کیا۔ حکومت عوام کی طاقت کے ذریعے ہی انتہا پسندی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوئی۔ سیاست میں بھی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ نفرتیں پروان چڑھیں تو قومی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا عام انتخابات میں جنرل نشستوں پر اقلیتی نمائندوں کی کامیابی دنیا کیلئے پیغام ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مواقع کی سرزمین ہے اور یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے یہ بات ناروے کے سبکدوش ہونے والے سفیر ٹورے نیڈریبوسے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان ناروے کے درمیان تجارت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری نے دنیا کے مختلف خطوں کے درمیان فاصلے کم کر دیے ہیں جس سے ناروے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ صدرِ مملکت ممنون حسین سے لبنان اور نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیروں نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔صدر مملکت نے ان سفرا کو ہدایت کی کہ وہ جن ملکوں میں جا رہے ہیں ان کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی پیدا کریں۔ انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات میں اضافے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم کے لیے پاکستانی طلبہ کو نیوزی لینڈ بھجوانے پر توجہ دیں تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو بھی تعلیم کی اعلی سہولتیں میسر آسکیں۔

ای پیپر دی نیشن