گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) فیصل ٹائون میں الیکشن کی عداوت پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والا جنرل کونسلر قتل جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ کھیالی کے علاقہ فیصل ٹاؤن میں عام انتخابات کے دوران فلیکس لگانے کے تنازعہ پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی ائی کے کا رکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اسی رنجش پر امجد بٹ نامی نوجوان نے گلی میں کھڑے ہوئے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر یو سی جنرل کو نسلر افضل مہر جاں بحق جبکہ منیب، فیصل،شعیب، محمد علی، افضل، عمران سمیت سات افراد شدید زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتول جنرل کونسلر افضل مہر نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ ن چھوڑ کی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ پولیس نے مرکزی ملزم امجد بٹ سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی خالد محمود کا کہنا ہے کہ ملزموں سے اسلحہ برآمد کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
گوجرانوالہ: انتخابی رنجش پر فائرنگ، پی ٹی آئی کونسلر افضل مہر قتل، 7 زخمی
Aug 11, 2018