اسلام آباد(نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی ”احتساب سب کے لئے“ بہترین ہے جو مستبقل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔ وہ جمعہ کو یہاں نیب ہیڈکوارٹرز میں موجودہ انتظامیہ کی جانب سے ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں اور اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیب پاکستان کو بدعنوانی سے پاک ملک بنانے کے لئے پرعزم ہے، اس کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی ”احتساب سب کے لئے“ بہترین ثابت ہوئی ہے جو بلا امتیاز جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران میرٹ پر شکایات کی تصدیق، انکوائریز اور انویسٹی گیشن کے لئے قانون، ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کرتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے وائٹ کالر جرائم کے مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے زیادہ سے زیادہ مدت دس ماہ مقرر کی ہے جو انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کے مقابلے میں ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 اور 2018 کے اعداد و شمار کے موازنہ سے نیب کے عملہ کی سخت محنت عیاں ہوتی ہے جبکہ شکایات کی تعداد میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا عکاس ہے۔
چیئرمین نیب