لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کر کے ان کی قوت کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ مسلم حکمران درپیش مسائل حل کرنے کیلئے مغرب کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں۔ ملکی سلامتی و استحکام کیلئے قرآن کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔ فرقہ واریت اور پارٹی بازی چھوڑ کر اسلامی شریعت کے مطابق قوم کی تربیت کرنے کی ضرورت ہے۔ غاصب بھارتی فوج کشمیر میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ روزانہ بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ بین الاقوامی دنیا بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں افراد کی تربیت کر کے دنیا کے سامنے مضبوط کردار پیش کرنا ہے۔ دشمن قوتیں اسلام اور پاکستان کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ جن ملکوں میں اسلام کی دعوت مضبوط ہو رہی ہے اور مسلمان قوت پکڑ رہے ہیں انہیں خاص طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ بیشتر سیاسی جماعتیں بھی مغرب کے رنگ میں رنگی ہوئی ہیں۔ جو لوگ اخلاص کے ساتھ ملک و ملت کیلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں ان کے راستہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں اور ریلیف کی طرح سیاست سے بھی روکنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا ملی مسلم لیگ جیسی جماعت کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا اور اس کا راستہ روکنے کیلئے حکم نامے جاری کئے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم خدمت انسانیت اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کر رہے ہیں۔ ہمیں ملک میں قیام پاکستان والے جذبے دوبارہ پیدا کرنا ہیں۔