پاکستان عاشقان رسولؐ کی سرزمین، سیکولر اور لبرل ازم کی گنجائش نہیں: سراج الحق

Aug 11, 2018

لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ایک فرد کی نااہلیت سے احتساب مکمل نہیں ہوا، جب تک پانامہ لیکس کے دیگر 436 ملزموں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا، احتساب ادھورا اور بے فائدہ رہے گا ۔ جماعت اسلامی’’احتساب سب کا‘‘ تحریک جاری رکھے گی ۔ پاکستان عاشقان رسولؐ کی سرزمین ہے یہاں سیکولر اور لبرل ازم کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ہم اللہ کے نظام کے عاشق ہیں - حکومت اگر پاکستان میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی طرف ایک قدم اٹھائے گی تو ہم اس کی تائید و حمایت میں دس قدم آگے بڑھائیں گے۔ اسلامی حکومت قائم کرنا ایک شرعی فریضہ ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع اور بعدازاں جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کی مجلس شورٰی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شوریٰ کے اجلاس سے میاں مقصود احمد اور بلال قدرت بٹ نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قوم 72واں یوم آزادی منارہی ہے۔ پاکستان کلمہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، یہ مدینہ منورہ کے بعد کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونے والی دنیا کی دوسری مملکت تھی۔ آج بھی ملک میں معاشی، تعلیمی، عدالتی اور پارلیمانی نظام انگریز کا چل رہاہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی حکومت اپنے وعدے کے مطابق ملک کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کی طرف قدم بڑھائے، سودی نظام کا خاتمہ کرے، آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک کو نجات دلائے، نوجوانوں کو روزگار اور بے گھر افراد کو چھت مہیا کرے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہی تمام خوبیوں اور بھلائیوں کا منبع یا تمام برائیوں کی جڑ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سودی نظام ایک یہودی نظام ہے اور یہودیوں نے عالمی معیشت کو کنٹرول کرنے کے لیے اس نظام کو مسلط کر رکھاہے۔ موجودہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیاہے کہ وہ سودی نظام کا خاتمہ کرے گی، ہم ان کے اس عزم کو سراہتے ہیں۔ پاکستان پر اس وقت 83 ارب ڈالر کا قرضہ ہے اور اس قرضے کے سود کی ادائیگی میں بجٹ کا بڑا حصہ 2221 ارب روپیہ خرچ ہو جاتاہے جبکہ پاکستان کا 375 ارب ڈالر بیرونی بنکوں میں پڑا ہے حکومت اس دولت کو واپس لائے اور قرضوں کی ادائیگی کے بعد باقی رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔

مزیدخبریں