دارالسلام (انٹرنیشنل ڈیسک)مشرقی افریقی ملک تنزانیہ کے دارالحکومت دارالسلام میں حادثے کے بعد آئل ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں60افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق علاقائی پولیس چیف وِلبروڈ مافْنگوا نے صحافیوں کو بتایا کہ 'دھماکا زوردار تھا جس میں اب تک 60 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر تیل جمع کر رہے تھے۔خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حادثے کے بعد ٹینکر سے بہنے والے تیل میں آگ لگ گئی اور لوگوں کے تیل جمع کرنے کی وجہ سے زیادہ اموات ہوئیں۔تنزانیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے 'ٹی بی سی طائفا' کا کہنا تھا کہ واقعے میں 70افراد زخمی بھی ہوئے۔واقعے کے عینی شاہد نے بتایا کہ کہ 'یہاں صورتحال بہت خراب ہے، واقعے میں کئی افراد ہلاک ہوئے جن میں متعدد وہ لوگ بھی ہیں جو تیل جمع نہیں کر رہے تھے لیکن مصروف علاقہ ہونے کی وجہ سے دھماکے اور آگ کی زد میں آگئے۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد جائے وقوع سے آگ کے بلند شعلے ابھر رہے تھے اور ریسکیو اہلکاروں کو بھی مشکلات درپیش تھیں، جبکہ میں نے 65 سے 70 کو بچاتے ہوئے دیکھا کیونکہ یہاں آگ تیزی سے پھیل رہی تھی۔'حکومتی ترجمان حسان عباسی نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'ہم موروگورو میں آئل ٹینکر کے واقعے پر افسردہ ہیں جس میں کئی افراد جھلس کر ہلاک ہوئے۔'