اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اپنے خلاف ذرائع کے حوالے سے ہونے والے پراپیگنڈا کو مسترد کر دیا، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے 500 ارب روپے کے اثاثوں کا دعوی مضحکہ خیز ہے۔ میری کریڈیبلٹی اور خدمات کی گواہی ساری پارلیمنٹ اور سارا حلقہ دیتا ہے۔ عوام کے اعتماد کی بدولت 32 سال سے بھاری اکثریت سے جیت رہا ہوں۔ 32 سالوں سے ہمیشہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوا، نیب ذرائع سے کئے جانے والے پراپیگنڈا کی کوئی کل سیدھی نہیںتمام عناصر کو چیلنج کرتا ہوں سامنے آ کر بات کریں۔ میڈیا ایسے ہوائی الزامات چلا کر اپوزیشن سیاستدانوں کے خلاف انتقامی مہم کا حصہ نہ بنے۔ کہتے ہیں میرے 103 اکاونٹس میں ٹرانزیکشنز ہو رہی ہے۔ میرے ایسے تین اکاونٹس بھی لے آئیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ نہ کوئی ثبوت، نہ تفصیل، یہ کیسے نیب ذرائع ہیں جو بس صرف الزام لگانا جانتے ہیں۔ پراپیگنڈا کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کروں گا۔ عمران حکومت کب تک جھوٹ پر سیاست کرے گی۔ پاکستان کو اتنی تیز رفتاری سے تباہی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے جو کبھی مارشل لاء دور میں بھی نہیں ہوا۔