راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) برطانوی شہر سلائوکی سابق خاتون میئر سیدہ عشرت ناز شاہ نے کہا ہے کہ میں کشمیر کی بیٹی ہوں بھارت نے آرٹیکل370 کا خاتمہ کرکے دنیا کو اپنا بدنماء چہرہ دکھادیا ہے ہم کشمیری برطانیہ میں سراپا احتجاج ہیں جبکہ میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سامنے بھی احتجاج کرنے جا رہی ہوں بھارت کو کشمیریوں سے انتہا کی نفرت ہے اسی وجہ سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تین دہائیوں سے مسلسل زندگی جہنم بنا رکھی ہے اور وہاں آئے روز کرفیو ، بھارتی فوجیوں کے کڑے پہرے رہتے ہیں خواتین ، بچوں اور بزرگوں کا گھروں سے نکلنا محال بنا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے میرے بہن بھائیوں اور بچوں سے ان کا حق خود ارادیت چھین لے گا یہ بھارت کی بہت بڑی بھول ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کو بڑی توقعات وابستہ ہیںہم ان کی ہر کوشش میں ساتھ ہوں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نوائے وقت سے انٹرویو میں کیا برطانوی شہر سلائوکی سابق خاتون میئر سیدہ عشرت ناز شاہ نے کہا کہ میں نے اپنی میئر شپ کے دوران بھی برطانیہ کی ہر تقریب میں شرکت کے دوران مسئلہ کشمیر اجاگر رکھا کشمیرمسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ کشمیری عوام کو اپنا حق خود ارادیت ملے بھارت کے پاس کیا اختیار اور اخلاقی جواز ہے کہ وہ کشمیریوں کی زمین پر ناجائز قبضہ رکھے کشمیری کبھی بھارت کا تسلط یا بالادستی قبول نہیں کریں گے دنیا بھر میں جہاں جہاں کشمیری گھرانے یا افراد بستے ہیں ان کے دل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دکھے ہوئے ہیں برطانوی شہر سلائوکی سابق خاتون میئر سیدہ عشرت ناز شاہ نے کہاکہ اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ قرار دیا غاصب بھارتیوں نے بھی اس صورتحال کو تسلیم کرکے اپنے آئین میں 370 اور35 . A کی شقیں رکھیں لیکن مودی سرکار نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے یہ شقیں یکطرفہ ختم کیں میں سمجھتی ہوں بھارت میں مودی سرکار سے یہ ایسا جرم سرزد ہوا ہے جس کی اسے سزاء بھگتنا ہوگی آج بھارت لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب آزاد کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں پر مسلسل گولہ باری کرتا ہے اس نے کلسٹر بم پھینک کر بھی عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں تمام کشمیری پاکستان کی مسلح افواج کیلئے ہمہ وقت دعائیں مانگتے ہیں جنہوں نے بھارتی جارحانہ عزائم ہمیشہ خاک میں ملائے ہیںہمیں پاکستان کی فوج پر فخر ہے سب کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وقت آگیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنا بوریا بستر گول کرے وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور بارڈر کھول کر برطانیہ کی سکھ کمیونٹی کے دل جیت لئے ہیں آج سکھ قوم بھی بھارت سے نجات پانے کیلئے کوشاں ہے بھارت جلد دنیا میں رسوائی سے دو چار ہوگا ۔
بھارت نے آرٹیکل370 کا خاتمہ کرکے دنیا کو اپنا بدنما چہرہ دکھادیا،عشرت ناز شاہ
Aug 11, 2019