مودی نئے دور کا ہٹلر، پوری قوم کشمیریوں کیساتھ ہے: فردوس عاشق

Aug 11, 2019

سیالکوٹ (نامہ نگار، نمائندہ خصوصی، اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نریندر مودی نے نئے دور کا ہٹلر ہونے کا ثبوت دیا ہے، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی،چین کی حکومت نے کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید کی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن میں فسیلٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن چوہدری محمد ارشد، مختار بخاری، میان اقبال سلیمی، عمر فاروق مائر، محمد عرفان، محسن مسعود، ڈاکٹر نعمان ادریس، رانا نصیر احمد، خاور انور خواجہ، محمد حنیف خان، سہیل یعقوب سمیت کثیر تعداد میں صنعتکار اور برآمد کنندگان موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سیالکوٹ کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ حکومت کو بدترین معیشت ورثہ میں ملی۔ اگر وہ حقائق اس وقت میڈیا سے شیئر کئے جاتے تو حالات کوئی کنٹرول نہ کر سکتا۔ وزیر اعظم نے قائدانہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر پاکستان کو بینک کرپٹ اور دیوالیہ ہونے سے بچا یا اور انتشار کی صورتحال پر قابو پایا۔ عمران خان کی خواہش ملک سے کرپشن کا خاتمہ میرٹ کو ترجیح اور قانون کی حکمرانی ہے مگر موجودہ سسٹم ان کو سپورٹ نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار جن لیڈران کے ساتھ چل رہی تھی انکی ترجیحات اپنی ذات سے شروع ہو کر منی ٹریل کا پوچھا جائے تو کہتے ہیں کہ حکومت ہم کو دیوار سے لگا رہا ہے۔ ہم کشمیریوں کے حقیقی مقدمے کو دنیا کے سامنے پیش نہیں کر سکے۔ ہم اس خطے میں جنگ نہیں چاہتے۔ سیالکوٹ کشمیریوں کا خون رسنا ہمارے جسم سے خون رستا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 14اگست کو جب اپنی فیکٹری یا گھر میں پاکستان کا پرچم لہرائینگے تو ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرائینگے اور 15اگست کو سیاہ پرچم لہرا کر اور اپنے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کرکے ہندوستان کا سیاہ مکرو چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیرمیں اظہار رائے پر پابندی جو اقوام عالم کی توجہ کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لیکر جا رہے ہیں اور چائنہ پاکستان کے مؤقف اور بیانیہ کی حمایت کرے گا۔ علاوہ ازیں ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چین دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے موقف کی تائید پر سدا بہار دوست کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کرکے ثابت کیا کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ ہے۔ دنیا خطے کو پرامن بنانے کیلئے وزیراعظم کی سوچ کے ساتھ کھڑی ہے جس کا واضح ثبوت چین کا پاکستان کی حمایت پر دوٹوک موقف ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا منتظر ہے۔ صرف مسلمان آبادی والی ریاست (مقبوضہ کشمیر) کا سپیشل سٹیٹس ختم کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہٹلر مودی کی انتہاپسندانہ سوچ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ مودی کے غیرقانونی اقدام نے بھارت کے خودساختہ الحاق کی دستاویز کو غیرموثر کردیا اور کشمیر آج 26 اکتوبر 1947 کی پوزیشن پر ہے۔

مزیدخبریں