رحیم یار خان (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی تاریخ کے کامیاب ترین سیاستدان ثابت ہوں گے جو ملک کی بہتری اور عوام کی ترقی کے لیے عملی طور پر اقدامات اٹھارہے ہیں۔ احتساب کا عمل جاری رہناچاہئے تاکہ ملک کو لوٹنے والے انجام کو پہنچیں۔ اسلام آباد میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور وفاقی وزیر ہائوسنگ چوہدری طارق بشیرچیمہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس اور لاک ڈائون کے دوران معاشی مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود نہ ریل کا پہیہ رکا اور نہ ہی عوام کو ریلیف میں کمی دی گئی بلکہ حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ احساس پروگرام سمیت دیگر عوامی فلاح کے منصوبوں کے ذریعے غریب عوام کے دل جیت لیے۔ چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے رحیم یار خان ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن، ٹرینوں کے سٹاپ اور ٹکٹس کوٹہ میں اضافہ سمیت دیگر معاملات حل کرنے بارے زور دیا۔ جس پر شیخ رشید نے جلد معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مین لائن ون ( ایم ایل ون) ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے پاکستان ریلوے کے تمام ڈھانچے کی تشکیل نوہوگی۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کسی پھاٹک کے بغیر ایک ایسی ریلوے لائن ہوگی جس سے کراچی، لاہور اور لاہور راولپنڈی کے درمیان سفر کے دورانیے میں واضح کمی آئے گی۔ لاہور، کراچی کا سفر کم ہو کر7گھنٹے رہ جائے گا۔ اس سے دونوںصوبوں کے تاجروںکو بھی فائدہ ہوگا۔ ریلوے کے حادثات میں بھی کمی آئے گی۔ ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیداہوں گے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ ایم ایل ون منصوبے کے لئے کم شرح پرقرض حاصل کیا جائے گا۔