’رام‘ کے بعد مہاتما بدھ کے بارے میں بھی نیپال  بھارت میںٹھن گئی 

اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) رام مندر جنم بھومی معاملے کے بعد ’’ مہاتما بدھ ‘‘ کی جائے پیدائش کو لے کر بھی نیپال اور بھارت کے مابین ٹھن گئی ہے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اترپردیش کے ایودھیا میں رام مندر کا افتتاح کیا تو نیپال میں بھی اصل رام مندر کی تعمیر پر کام شروع کر دیا گیا ہے، اس سال 25 اکتوبر کو ہندو تہوار دسہرا کے موقع پر نیپال کے ایودھیا پوری میں رام مندر کا ’’ بھومی پوجن‘‘ سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا جس میں نیپالی وزیراعظم خصوصی شرکت کریں گے۔ نیپالی وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ بات یقینی ہے کہ رام نیپال میں پیدا ہوئے اور اصل ایودھیا نیپال میں واقع ہے۔ صرف بھگوان رام پر ہی نہیں بلکہ نیپال نے ’’ مہاتما بدھ‘‘ کے بارے میں بھی ہندوستانی حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر نے وزارت خارجہ میں خطاب کرتے کہا تھا کہ ’’ مہاتما بدھ اور مہاتما گاندھی جیسی دو عظیم شخصیات بھارت میں پیدا ہوئیں‘‘، ان کے ان ریمارکس پر آدھ گھنٹے کے اندر نیپالی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا کہ مہاتما بدھ نیپال کے لُومبنی میں پیدا ہوئے تھے اور انھیں ’’ ہندوستانی‘‘ بتانا بالکل بھی درست بات نہیں ہے۔ نیپالی وزارت خارجہ کے اس بیان پر ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کو بھی وضاحت جاری کرنی پڑی کہ بلاشبہ مہاتما بدھ نیپال میں ہی پیدا ہوئے تھے اور ہندوستانی وزیر خارجہ نے غیر دانستگی میں انھیں ہندوستانی قرار دیا۔ گوتم بدھ کو ہندوستانی بتانے پر نیپال کی  جانب سے شدید ردعمل آنے کی وجہ سے ہندوستانی حکمران کو رام مندر کے بعد اس معاملے میں بھی سبکی اٹھانا پڑی ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن