اداروں میں سیاسی مداخلت زیرو کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں: گورنر

Aug 11, 2020

لاہور+ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم اداروں میں سیاسی مداخلت زیرو کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ زندگی میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا محنت ضروری ہے۔ موٹر وے پولیس میں شفافیت اور میرٹ پر قوم کو فخر ہے۔ وہ موٹر وے پولیس ٹریننگ کالج میں موٹر وے پولیس افسران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر آئی جی موٹر وے پولیس سید کلیم امام، ڈی آئی جی محبوب اسلم  سمیت موٹر وے پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے ۔گورنر پنجاب نے موٹر وے پولیس کالج میں شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے پودا لگایا، شہداء  موٹر وے پولیس کی یادگار پر حاضری دی اور موٹر وے پولیس ٹر یننگ کالج میں فلٹریشن پلانٹ بھی لگانے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب نے کہا جب بھی اداروں میں سیاسی مداخلت ہوتی ہے تواس سے ادارے تباہ ہوتے ہیں کیونکہ سیاسی مداخلت سے سب کچھ میرٹ کی بجائے سفارش پر ہوتا ہے۔ سزا اور جزا کو ہر سطح ہر سو فیصد یقینی بنا رہے ہیں۔ سی پیک کی  وجہ سے پاکستان معاشی میدان میں مضبوط ہورہا ہے اورعالمی ادارے بھی پاکستان میں معیشت کو مضبوطی کی راہ پر گامزن ہونے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اسکی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو نیک نیتی کیساتھ اپنا کردار ادا کر نا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کرونا کوپاکستان میں بعض لوگ امریکی سازش بھی کہتے رہے ہیں جس کی وجہ سے کرونا کے حوالے سے بہت سی مشکلات رہی ہیں۔  کرونا کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک ایس او پیز پر مکمل عمل کر نے کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ موٹر وے پولیس اور ریسکو1122جیسے اداروں پر پاکستانی قوم فخر کرتی ہے۔ عمران خان نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا ہے، معاشی سمیت ہر شعبے میں ترقی کی رفتار ہر گزرتے دن کیساتھ تیز ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں