ملتان (سپیشل رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان سے ہائی کورٹ و ڈسٹرکٹ بار ملتان کے وکلاء وفود کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔ وکلاء وفود نے چیف جسٹس محمد قاسم خان کو وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ وکلا اور بار کے مسائل کا حل لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیح ہے۔ وکلاء کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ وکلا وفد صدر ہائیکورٹ بار چودھری طاہر محمود، جنرل سیکرٹری سجاد حیدر سپرا، صدر ڈسٹرکٹ بار عمران رشید سلہری‘ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار غلام نبی طاہر چوہان‘ سابق صدور ملک حیدر عثمان اعوان‘حبیب اﷲ شاکر‘ اطہر شاہ بخاری، یوسف زبیر‘ اﷲ دتہ کاشف بوسن، ممبر پنجاب بار داؤد احمد وینس‘ انیس مہدی‘ لاء آفیسر وسیم ممتاز سمیت دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے وفد کو یقین دلایا کہ صدر بار چودھری طاہر محمود کیخلاف توہین عدالت کے نوٹس کو ضابطے کی کارروائی کے بعد واپس لے لیا جائے گا۔
وکلا بار کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے: جسٹس قاسم خان
Aug 11, 2020