بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ سے صنعتی پیداوارشدید متاثرہوئیں ، شیخ عمر ریحان

 کراچی( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے صنعتوں کو بجلی اور گیس کی بندش سے متعلق درپیش مسائل دور کروانے کی یقین ہانی کروائی ہے، موجودہ حالات میں ملک میں توانائی کی فراہمی میں خلل سے صنعتی پیداوار پر پڑنے والے منفی اثرات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان کی سربراہی میں9رکنی وفد کی وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، خالد تواب، زبیر موتی والا، جاوید بلوانی، زین بشیر،  زاہد سعید، زاہد مظہر اور ریحان جاوید بھی شامل تھے۔ اس موقع پر صنعتکاروں نے وفاقی وزیر کو بجلی اور گیس کی بندش کے باعث صنعتی پیداوار میں کمی سمیت صنعتوں کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالت کے پیش نظر کراچی کی صنعتوں کو خصوصی ریلیف دیتے ہوئے موثر اقدامات کرنے کی اشد رورت ہے۔صنعتکاروں کی جانب سے زبیر موتی والا نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کو کراچی میں صنعتوں سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث برآمدی اہداف کے حصول میں شدید مشکلات درپیش آرہی ہیں ۔ ملاقات میں  اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر شہزاد سعید قاسم، سمیر میر شیخ، سی ای او کے-الیکٹرک مونس علوی اور ایم ڈی ایس ایس جی سی امین راجپوت بھی موجود تھے۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی فراہمی میں تعطل سے ملک کی صنعتی پیداوار شدید متاثر ہورہی ہے، وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کی محنت سے ملکی برآمدات میں اضافہ شروع ہوا ہے تاہم برآمدات کو معاشی استحکام کی سطح تک لے جانے کے لیے کئی بنیادی مسائل حل کرنا ضروری ہیں۔

ای پیپر دی نیشن