واشنگٹن (آن لائن) امریکی سیکرٹری برائے صحت الیکس آذر تائیوان کے دورے پر ہیں، جہاں تائیوانی صدر سوسائی انگ وین سے ملاقات میں انہوں نے تائی پے کی طرف سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کے اقدامات کی تعریف کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الیکس آذر نے کرونا بحران کے خلاف موثر حکمت عملی کے طور پر اسے ’دنیا میں سب سے کامیاب‘ اسٹریٹیجی قرار دیا۔ امریکی وزیر صحت کے اس دورے پر چین نے کڑی تنقید کی ہے۔ بیجنگ حکومت چائنا مین لینڈ کے جنوب میں واقع تائیوان کے جزیرے کو ایک ٹوٹ کر جدا ہو جانے والے صوبے کی حیثیت سے دیکھتی ہے، جسے وہ عوامی جمہوریہ کے ساتھ دوبارہ جوڑنا چاہتی ہے۔ امریکی وزیر آذر نے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد تائیوان کے ساتھ سلامتی، تجارت اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں میں امریکہ کی ’گہری شراکت داری‘ پر زور دینا ہے۔
امریکی وزیر صحت کی تائیوانی صدر سوسائی انگ وین سے ملاقات
Aug 11, 2020