لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے سائوتھمپٹن پہنچ گئی جہاں تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کا ایک اور کرونا ٹیسٹ ہوگا۔پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد گرین شرٹس میں دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ایک تبدیلی کا امکان ہے ۔ اگر شاداب خان کو نہ کھلایا تو فہیم اشرف میدان میں اتریں گے۔فواد عالم بھی دوڑ میں موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی شکست کے باوجود مینجمنٹ ’’پینک بٹن‘‘ دبانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، اس لیے زیادہ تبدیلیوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اگر شاداب خان کو باہر بٹھایا تو انکی جگہ فہیم اشرف کو موقع دیا جائے گا، فواد عالم کی شمولیت پر بھی غور جاری مگر مینجمنٹ کو خدشہ ہے کہ اگر انھیں کھلایا تو ایک بائولر کم ہو جائیگا۔دوسری جانب سابق کپتان سرفراز احمد نے موجودہ کپتان اظہر علی کو ہمت نہ ہارنے اور حوصلہ رکھنے کا پیغام دے دیا۔ ٹوئٹر پر سرفراز احمد نے اظہر علی کے ہمراہ خوشگوار موڈ میں لی گئی تصویر شیئر کی۔سرفراز نے اظہر علی کو حوصلہ دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بھیا، حوصلہ نہ ہارو، مضبوط رہو۔انشاء اللہ پاکستان سیریز میں جلد کم بیک کر لے گا۔سابق کپتان نے اظہر علی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ میں ’پاکستان زندہ آباد‘ بھی لکھا۔پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سابق کپتان سرفراز احمد کے سوشل میڈیا پیغام پر جواب دیتے ہوئے انہیں عظیم آدمی قرار دیدیا۔ ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ سیریز میں باؤنس بیک کرنے کے حوالے سے سرفراز کا انداز ہی اپنایا اور لکھا کہ ’بھیا انشاء اللہ۔ساتھ ہی ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے سرفراز احمد کو عظیم آدمی بھی کہا۔ پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف دوسرا امتحان 13اگست سے شروع ہو رہا ہے۔ قومی ٹیم آج ساؤتھپٹن میں پریکٹس کے دوران بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں خامیوں کو دور کریگی۔ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پاکستان کو سیریز برابر کرنے کیلئے بھرپور محنت کرنا ہوگی۔
قومی کرکٹ ٹیم سائوتھمپٹن پہنچ گئی، دوسرے ٹیسٹ کیلئے ایک تبدیلی کا امکان
Aug 11, 2020