اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) ء قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس(ر) سردار محمد اسلم مرحوم کی بطور جج اور وکیل خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ سردار محمد اسلم مرحوم ایک عظیم انسان اور بے شمار خوبیوں کے مالک تھے ، ان خیالات کا اظہار سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام سردار محمد اسلم مرحوم کیلئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے سردار محمد اسلم مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سردار محمد اسلم ایک اچھے اور بلند اخلاقی معیا ر کے انسان تھے اور ہمیشہ وکلا ء اور ججز کی معاونت کیلئے پیش پیش رہتے تھے اور انہوں نے اپنے عملی کردار سے ثابت کیا کہ وہ ایک سچے عاشق رسول اور مسلمان تھے ۔ صبر و تحمل اور برداشت کا عملی نمونہ بھی تھے اور بار اسوسی ایشن میں رول ماڈل تھے اور ہمیں اپنے رول ماڈل کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔ سردار اسلم مرحوم نے ایک کامیاب زندگی بسر کی اور کچھ معاملات ایسے احسن طریقے سے سرانجام دیئے جو انتہائی مشکل تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کور ٹ چیف جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس عمر عطا بندیال ، سپریم کورٹ بار اسوسی ایشن و دیگر نے سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس (ر) سردار محمد اسلم مرحوم کی حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اُن کی مغفرت کی دعا کی۔ تعزیتی ریفرنس میں سابق گورنر پنجاب سینیٹر محمد رفیق رجوانہ کے علاوہ ججز اور وکلا ء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔