پرویز الٰہی سے بیلاروس کے اعزازی قونصل جنرل کی ملاقات

Aug 11, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے بیلاروس کے اعزازی قونصل جنرل ولید مشتاق نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان عوامی رابطہ مہم خصوصاً تجارت، زراعت اور ٹورازم کو بڑھانے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تجارت، تعلیم، صحت اور زراعت کے شعبہ میں تعاون کرنے سے دونوں ملکوں کی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے عالمی معاشی صورتحال پر بہت برا اثر پڑا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب پنجاب سمیت پورے پاکستان میں حالات بہتر ہورہے ہیں لیکن ابھی بھی عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔ اعزازی قونصل جنرل ولید مشتاق نے کہا کہ بیلاروس میں پاکستان کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، پاکستانی چاول کی وہاں بڑی مانگ ہے لیکن تجارتی پابندیوں کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ آپ کے دور میں پنجاب میں خصوصاً زراعت، صحت اور تعلیم کے میدان میں بڑی ترقی دیکھنے میں آئی تھی اور یو این ایس ایف کے ساتھ مل کر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بعد میں آنے والی حکومتوں نے ہمارے دورکے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کی بجائے بند کر دیا، اگر ترقیاتی منصوبے بند نہ کیے جاتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی کو دورہ بیلاروس کی دعوت دی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے معزز مہمان کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

مزیدخبریں