عدم استحکام لانے کے لئے پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، نیب جلوس کیساتھ نہیں جائوں گا: عثمان بزدار

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج الحمد للہ ہم پری کرونا پوزیشن پر پہنچ چکے ہیں اور یہ بہت اچھی خبر ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے تحت انسداد کرونا کے لئے بروقت اقدامات کئے گئے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ پنجاب کی انتظامیہ نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے دن رات کام کیا اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے کرونا سے جتنا نقصان کا اندیشہ تھا ہم اس سے محفوظ رہے ہیں اور آج سے پورے پنجاب کے اندر ماسوائے تعلیمی اداروں اور بڑے اجتماعات کے تمام کاروبار زندگی بحال ہو گئے ہیں اور روز مرہ معمولات زندگی معمول پر آگئے ہیں۔ میں حکومت کے تمام اداروں، انتظامیہ، فوج، پولیس، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف، نرسز اور متعلقہ عملے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے دن رات محنت کر کے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جتنے بھی چیلنجز ہیں الحمد للہ خیرو عافیت سے ہم نے ان کو ہینڈل کیا ہے۔ مون سون کا سیزن ہے اس پر بھی پوری ایڈمنسٹریشن کو ہدایت دی ہے کہ فوری طور پر افسران فیلڈ میں نکلیں اور لوگوں کو ریلیف دیں۔ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ الحمد للہ پنجاب کے اندر صورتحال باقی صوبوں سے بہت زیادہ بہتر ہے۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ آج میں نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے ۔ رواں برس بھی محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان باقاعدگی سے اجلاس کر کے تیاریوں کا جائزہ لے گی۔ کابینہ کمیٹی تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر جائے گی اور تمام انتظامات کی مانیٹرنگ کرے گی۔ محرم الحرام میں آرمی اور رینجرز کی بھی ریکوزیشن کر رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے صوبائی وزیر خوراک اور صوبائی وزیر صنعت کو ہدایات دی ہیں کہ وہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لئے تمام ضروری اقدام اٹھائیں۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پنجاب حکومت نے رواں برس 41 لاکھ ٹن گندم خریدی ہے جو کہ گزشتہ دس برس کا ریکارڈ ہے اور صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور آج پنجاب میں صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے تا ہم عوام کو احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنی ہے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نیب جلوس کے ساتھ نہیں جاؤں گا، مجھے کیا ضرورت ہے جلوس کے ساتھ جانے کی۔ میں ذاتی طور پر جا کر پیش ہوں گا اور اپنا موقف پیش کروں گا اور جو قانون کے مطابق ہو گا وہی ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئی فائل نہیں رکتی۔ دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز  قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارکی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق موثر کارروائی کیلئے جامع میکنزم بنایا جائے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر کو ضبط کر کے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات پیشگی مکمل کئے جائیں۔ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات ختم کی جائیں۔ انتہائی حساس مقامات پر پولیس نفری میں اضافہ کیا جائے۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا- کسی کو بھی مذہبی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جا سکتی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے- عثمان بزدار نے موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کے لئے واسا حکام اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں اور کہا کہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو سکے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے اورواسا حکام اور انتظامی افسران نکاسی آب کا کام مکمل ہونے تک خود فیلڈ میں موجود رہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے شہر چمن کے علاقے مال روڈ پر دھماکہ کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدارنے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والے افرادکی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...