لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 ء میں کرکٹ کو شامل کرانیکی کوششیں تیز کردیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کو اولمپک گیمز میں شامل کرنے کی کوششوں کی تصدیق کر دی، عالمی ادارے نے ایک ورکنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو لاس اینجلس اولمپکس 2028 ء میں کرکٹ کی شمولیت کیلئے کام کریگی۔رپورٹ کے مطابق امریکہ میں 3 کروڑ کرکٹ فینز ہیں، لاس اینجلس 2028 ء بہترین موقع ہو گا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں دوبارہ شامل کیا جائے۔ اس سے قبل کرکٹ کو صرف ایک دفعہ پیرس اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا جو سال 1900 ء میں منعقد ہوئی تھی، اس موقع پر صرف دو ٹیموں برطانیہ اور پیرس نے کرکٹ میچ کھیلا تھا۔ 2028 ء میں کرکٹ کی واپسی کا مطلب ہو گا کہ مذکورہ کھیل 128 سال بعد دوبارہ اولمپکس کے عالمی میلے میں شامل ہو گی۔اس مقصد کیلئے اگلے برس برمنگھم میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز 2022 ء میں بھی کرکٹ کو موقع دیا جائے گا جو اولمپکس 2028 ء میں کرکٹ فینز کی پسندیدہ کھیل کیلئے راہ ہموار کرے گا۔آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ اولمپکس گیمز میں کرکٹ کا اضافہ اولمپکس جیسے عالمی ایونٹ کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا۔ کرکٹ کا مستقبل روشن ہے، اس کے دنیا بھر میں اربوں فینز ہیں۔آئی سی سی کے اولمپک ورکنگ گروپ کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئر مین این واٹمور ہیڈ کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں آئی سی سی انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر اندرا نوئی، زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ٹاوینگوا مکوہلانی اور چیئرمین کرکٹ امریکہ پراگ مراتھ سمیت دیگر شامل ہوں گے۔