الزامات غلط، پی پی 38میں عمران کے ویژں کو ووٹ ملے

Aug 11, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ سے نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی طرف سے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ الیکشن کمشن نے پی پی 38 کا ضمنی انتخاب کڑی مانیٹرنگ کے ساتھ منعقد کیا۔ (ن) لیگ کی طرف سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں غیر معمولی ٹرن آؤٹ کا الزام بھی غلط ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 2018ء  میں اس حلقے میں ٹرن آؤٹ تقریباً 60فیصد تھا جو کہ حالیہ ضمنی انتخاب میں کم ہو کر 55.5 فیصد تک رہ گیا جبکہ حالیہ 3برسوں میں حلقے میں 24ہزار نئے ووٹرز کی رجسٹریشن بھی کی گئی تھی۔ احسن سلیم بریار نے ان خیالات کا اظہار  ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما سلیم بریار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ احسن سلیم بریار نے کہا کہ حلقہ پی پی 38 میں عوام نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن پوری طرح غیرجانبدار تھا جبکہ انتظامیہ کی غیرجانبداری اور الیکشن کی شفافیت کا اعتراف خود (ن) لیگ کے رہنماؤں نے الیکشن کے روز شام کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگی رہنما عطا تارڑ کے الزامات زمینی حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔ ہم اپنے وکلاء  کی بہترین ٹیم کی مشاورت سے الیکشن کمیشن میں (ن) لیگ کی طرف سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کا جواب دیں گے۔

مزیدخبریں