اکائونٹس کی چھان بین کی درخواست  پی ٹی آئی کو تضادات درست کرنے کی ہدایت

Aug 11, 2021

اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی چھان بین کے سلسلے میں تحریک انصاف کو تضادات درست کرنے کی ہدایت کر دی۔منگل کو ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس کی چھان بین کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عامرمحمود کیانی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔نثار درانی نے دورانِ سماعت کہا کہ پولیٹیکل فنانس ونگ کے مطابق پی ٹی آئی کی پہلی درخواست اور بعد میں دی گئی درخواستوں میں تضاد ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے خلاف پی ٹی آئی کی پہلی درخواست اور بعد میں دی گئی اعتراضات پر مبنی درخواستوں میں بھی تضاد ہے۔ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی نے عامر محمود کیانی کو ہدایت کی کہ آپ ان تضادات کو درست کریں۔الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک صرف 6 سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی کی درخواست پر جواب جمع کرایا ہے، ان جماعتوں میں پی ٹی آئی خود، جمعیت علمائے اسلام ف، بلوچستان عوامی پارٹی، بی این پی عوامی، پختو نخوا ملی عوامی پارٹی، جمہوری وطن پارٹی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں