عرس بابا فریدؒ: پولیس کا ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن‘ 100 گرفتار 

Aug 11, 2021

 پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت) عرس بابا فریدؒ کے دوران سٹی پولیس کا دربار سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن، 20 گھروں اور متعدد ہوٹلز کی تلاش و سرچ کیا گیا۔ 100 سے زائد افراد بائیو میٹرک تصدیق کے بعد  گرفتار کر لئے گئے۔  تفصیلات کے مطابق برصغیر کے عظیم بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 779 ویں عرس کے دوران سٹی پولیس نے دربار بابا فریدؒ سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے مختلف گھروں اور ہوٹلوں کی تلاشی لی۔ ایس ایچ او رائے خضر حیات نے بتایا کہ  سرچ آپریشن کا مقصد عرس  کے دوران امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔ بابا فرید کے 779 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات اپنے عروج کو پہنچ گئیں۔ درگاہ کے سجادہ نشین نے چھٹے روز کی رسومات ادا کردیں۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی نے چھٹے روز کی رسومات ادا کرتے ہوئے زائرین میں روایتی تبرکات تقسیم کیے۔ فضا حق فرید یا فرید کے نعروں سے گونجتی رہی۔ عرس بابا فرید کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی قفل کشائی پانچ محرم الحرام کو ادا کی جائے گی۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ 170 سی سی ٹی وی کیمروں سے دربار اور ملحقہ علاقوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں