کراچی ( نیوز رپورٹر ) جامعہ غوثیہ طفیلیہ ٹرسٹ گلفشاں سوسائٹی ،عظیم پورہ ،کراچی میں نئے اسلامی سال کا آغاز درودوسلام، نعت خوانی،ذکر اذکار اور دعائوں سے کیاگیا،منعقدہ تقریب میں ایس اوپیز کی مکمل پابندی کی گئی۔اس موقع پر مہتمم استاذالعلماء مفتی محمدفیض القادری نے شرکاء اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نئے سال کی ابتداء اللہ پاک کی بارگاہ میں خصوصی دعاسے کرنی چاہئے ،نئے سال کے آغاز پر صحابہء کرام ایک دوسرے کو یہ دعاسکھاتے اور بتاتے تھے کہ اے اللہ اس چاند کو ہمارے اوپر امن، ایمان، سلامتی اور اسلام کے ساتھ اور رحمٰن کی رضامندی اور شیطان سے بچائو کے ساتھ داخل فرما۔اس موقع پر شیخ الحدیث جامعہ ہٰذامفتی سید اعجازحسین شاہ سیفی، ناظم اعلیٰ علامہ ابرارالحسن قادری، قاری غلام حسین طفیلوی، قاری غلام مجتبیٰ طفیلوی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہاکہ افسوس ہمارے مسلمان بھی نئے عیسوی سال کے آغاز پر جشن مناتے ہیں حالانکہ ان کو معلوم ہوناچاہئے کہ ان کی زندگی کا ایک برس کم ہوگیا،چونکہ اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ بیش بہانعمت ہے اور نعمت کے زائل یاکم ہونے پر جشن نہیں منایاجاتا بلکہ افسوس کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارانیاسال محرم الحرام سے شروع ہوتاہے اور نئے سال کے آغاز پر کرنے کا اصل کام یہ ہے کہ ہم ماضی کا احتساب کریں اور آئندہ کالائحہء طے کریں ،نیاسال ہمیں دینی اور دنیاوی دونوں میدانوں میں اپنامحاسبہ کرنے کی دعوت دیتاہے کہ ہماری زندگی کا ایک سال مزید کم ہوگیااس میں ہم نے کیاکھویااور کیاپایا۔ہم سے عبادات، معاملات، اعمال، حلال حرام حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں کہاں کوتاہی ہوئی،ہم سے کہاں کہاں غلطیاں سرزدہوئیں،جبکہ باقی ماندہ زندگی کو مہلت سمجھتے ہوئے اور ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے مستقبل میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضاوخوشنودی کے لئے عہد کرناچاہئے۔
درودوسلام اور دعائوں سے نئے اسلامی سال کا آغاز
Aug 11, 2021