کوٹری(نامہ نگار) 22 سالہ نوجوان کو اسکے دوستوں نے موبائل چوری کے معاملے پر تشدد کرکے قتل کردیا۔جبکہ ٹریفک حادثے میںخاتون ہلاک ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق کوٹری شاہ لطیف چوک کا رہائشی 22 سالہ نوجوان حاجی علی رند ولد سائی داد رند کو میڈیکل اسٹور مالک جاوید قریشی اس کے بیٹے اور اسکے دوستوں نے مبینہ طور پر موبائل چوری معاملہ پر نوجوان کو گھر بلا کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے چھریوں کے وار کر کے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا جس پر زخمی نوجوان سول اسپتال حیدرآباد میں زیر علاج تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔جس پر ورثا کی جانب سے سول ہسپتال کوٹری نعش پوسٹمارٹم کیلئے پہنچے تو ڈاکٹر اور عملہ کی عدم موجودگی نے لواحقین کو مشتعل کردیا اور وہ نعش کے ہمراہ ہسپتال کے باہر دھرنا دیکر بیٹھ گئے جس کے سبب ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔نو تعینات ایس ایچ او کوٹری منظور جمالی اور رینجرز اہلکاروں نے مظاہرین کو احتجاج ختم کرنے کے لئے کوشش کی مگر مظاہرین نے احتجاج ختم نہیں کیا اور دو گھنٹے بعد کوٹری حیدرآباد ریلوے پل پر دھرنا دیکر کوٹری حیدرآباد آمدورفت کو بند کردیا اور ٹائر نزر آتش کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی کوٹری غلام شبیر سرکی نے پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کے بعد انہیں دو گھنٹوں کی مہلت لیتے ہوئے معاملات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج ختم کر دیا جس پر ورثا نے لاش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دی ہے۔ دوسری جانب موٹروے لونی کوٹ کے مقام پر کار اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں کار سوار 32سالہ خاتون اریشہ زوجہ ڈاکٹر رفیق میمن جاں بحق ہوگئی جبکہ انکے شوہر شدید زخمی ہوگئے۔حادثہ کا شکار خاندان حیدرآباد کے علاقہ گلستان سجاد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔حادثہ کی شکار خاتون کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال کوٹری منتقل کردیا گیا جبکہ زخمی شوہر کو نوری آباد ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک ہونے پر سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیاہے۔