شارجہ‘ دبئی میں کرونا ریپڈ ٹیسٹ کے بغیر پاکستانیوں کو سفر کی اجازت 

Aug 11, 2021

 شارجہ/ دبئی (نوائے وقت رپورٹ) شارجہ اور دبئی نے پاکستانیوں کو کرونا ریپڈ ٹیسٹ کے بغیر سفر کی اجازت دیدی ہے۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست شارجہ نے پاکستان کی درخواست قبول کرتے ہوئے پاکستانی مسافروں کو سفر کی اجازت دے دی ہے۔ خیال رہے کہ یو اے ای کی 2 ریاستوں شارجہ اور دبئی نے کرونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا ویریئنٹ کے باعث پاکستان سمیت جنوبی ایشیا سے آنے والے مسافروں کے لیے' ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ' کی شرط لازم قرار دی تھی۔ جس کی سہولت پاکستانی ائیرپورٹس پر ابھی دستیاب نہیں ہے۔ حکومت پاکستان نے دونوں ریاستوں سے ملک میں  ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی اور درخواست کی تھی کہ  پاکستان سے رہائشی ویزوں کے حامل مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ (آر اے ٹی ٹیسٹ) قبول کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق اب شارجہ نے پاکستان کی درخواست قبول کرتے ہوئے آر اے ٹی ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہرکر دی ہے۔ دوسری جانب دبئی ائرپورٹ حکام کی جانب سے بھی پاکستان سے آنے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ائرپورٹ حکام کے مطابق دبئی کا رہائشی ویزہ رکھنے والے افراد کو ریاست میں داخلے کے لیے  ویکسینیشن کارڈ کی ضرورت نہیں، مسافر کو  48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ اور چار گھنٹے پہلے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور مسافروں کا دبئی پہنچنے پر کرونا ٹیسٹ بھی کیا جائیگا۔

مزیدخبریں