اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیش رفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس موقف پر زور دیا کہ چین سٹرٹیجک پارٹنر کی حیثیت سے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کے وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ حلوسی آکار نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف اور ترکی کے وزیر دفاع نے خطے میں امن اور استحکام کی کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ترک وزیر دفاع حلوسی آکار نے اپنے ملک کی طرف سے تمام علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کی توثیق کی۔