اسلام آباد (نامہ نگار‘ آئی این پی‘ این این آئی) ملک میں کرونا وبا کی چوتھی لہر جاری ہے، پاکستان میں گزشتہ ایک روز میں کرونا سے مزید 86 افراد انتقال کرگئے، اس طرح انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 4ہوگئی۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 7اعشاریہ 8 فیصد رہی۔ ملک میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 10لاکھ 75ہزار 504 ہو گئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2ہزار 669مریض اس موذی مرض سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 67 ہزار 073 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا سے بچائوکیلئے ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد 4کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے افراد کی تعداد 1کروڑ 8لاکھ جبکہ پہلی خوراک لگوانے والوں کی تعداد 3کروڑ 9لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ کرونا سے بچائوکیلئے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ دریں اثناء نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے محرم الحرام کے لیے خصوصی ہدایات متعلقہ علما کی سفارشات کو مد نظر رکھ کر جاری کی ہیں۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ تمام مجالس اور جلوس کرونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیئے جائیں گے۔ مجالس اور جلوسوں کے دوران ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور تھرمل سکریننگ یقینی بنائی جائے گی۔ گھروں میں نجی مجالس سے اجتناب برتا جائے۔ این سی او سی نے ہدایت کی ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ہینڈ سیناٹئزرز اور ماسک مہیا کئے جائیں۔ مجالس ہوادار اور کھلے کمروں میں منعقد کی جائیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی۔ کرونا وائرس کے مزید مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے دو تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا ہے۔ کرونا کے7 مثبت کیسز اسلام آباد کے ماڈل کالج فار گرلز مارگلہ ایف میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماڈل سکول ایف 6/4میں بھی 8مثبت کرونا کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ کوویکس کے تحت چین کی جانب سے سائنوفارم ویکیسن کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچنے کے لیے تیار ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ چین سے کوویکس کے تحت ویکسین کی بڑی کھیپ پاکستان کو مل رہی ہے۔حکام کے مطابق چین سے سائنوفارم ویکسین کی 60لاکھ ڈوز رواں ہفتے پاکستان پہنچیں گی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 884 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو بیان میں وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ سکولوں میں ویکسی نیشن کرانے کے لیے نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے لہذا 22 اگست تک تمام سرکاری اور نجی سکولز کے اساتذہ اور دیگر عملے کی ویکسی نیشن کرانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اگست کے بعد کسی بھی فرد کو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیرسکول میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور ویکسی نیشن نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سکول کو سیل کردیا جائے گا۔دوسری جانب کراچی میں ایس ایچ اوز نے مجسٹریٹ کے برابر ملنے والے اختیارات کا استعمال کرنا شروع کردیا۔ سعودی عرب سے آنے والے 5 مسافروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ مسافروں میں تین مرد‘ ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔
ملتان + رحیم یار خان + ڈیرہ غازیخان + بہاولپور (خصوصی رپورٹر/ کرائم رپورٹر/ بیورو رپورٹ) رحیم یار خان اور ڈیرہ میں کرونا سے مزید 3 مریض جاں بحق‘ بہاولپور اور ملتان میں کسی مریض کی ہلاکت نہیں ہوئی۔ رحیم یار خان سے ’’کرائم رپورٹر‘‘ کے مطابق محکمہ صحت کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید25 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ جبکہ 2 کرونا وائرس سے متاثرہ ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے، ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر254 تک جا پہنچی۔ مزید 8کرونا وائرس متاثرہ کرونا کوشکست دے کر صحت یاب ہوگئے، گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران571 افراد کی کرونا رپورٹ موصول ہوئیں جن میں سے546 افراد کی کرونا وائرس رپورٹ منفی موصول ہوگئی، 257 کرونا متاثرہ ہسپتال و ہوم آئسولیشن میں زیرعلاج ہیں۔ بہاول پور میں کرونا کی چوتھی لہر بے قابو ہونے لگی اور کرونا میں مبتلا مریضوں کی شرح 4 فیصد تک پہنچ گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بہاول پور میں 26 افراد کرونا کا شکار ہوئے۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں کرونا کا ایک مریض چل بسا جبکہ ایک کی حالت تشویشناک اور 6 مریض وینٹی لیٹرز پر آ گئے فوکل پرسن ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ کرونا سے ایک مریض نصیر جانبر نہ ہو سکا جبکہ ایک مریض کی حالت انتہائی خطرناک اور 6 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
کرونا،86اموات، محرم الحرام میں نجی مجالس نہ کی جائیں، این سی اوسی ہدایات
Aug 11, 2021