کوئٹہ (اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی زیر صدارت یو این ایف پی ، محکمہ صحت اور ڈویلپمنٹ پارٹنر کا مشترکہ اجلاس منگل کے روز یہاں منعقد ہوا اجلاس میں سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ عزیز احمد جمالی، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کے پاکستان میں نمائندے بختیار کاڈریو، ایم این سی ایچ پروگرام کے منیجر ڈاکٹر اسماعیل میروانی، ڈپٹی مینیجر ڈاکٹر سرمد سعید خان و دیگر نے شرکت کی، محکمہ صحت یو این ایف پی اور ڈویلپمنٹ پارٹنر کے اس اجلاس میں زچہ و بچہ سے متعلق طبی سروسز کو بہتر بناتے ہوئے بلوچستان میں ماں اور بچے کی صحت سے متعلق مربوط اقدمات اٹھانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ دوران زچگی شرح اموات پر قابو پانے کیلئے بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے اس مقصد کے لئے اندرون بلوچستان ایل ایچ ویز اور کمیونٹی مڈ وائفری کی پیشہ ورانہ تربیت کے لئے منصوبے تشکیل دئیے گئے ہیں ہم کمیونٹی مڈ وائفریز اور ایل ایچ ویز کو زچہ و بچہ کی مخصوص طبی خدمات کے دائرہ سے نکال کر کثیر الجہتی میڈیکل سروسز کی جانب لے جانا چاہتے ہیں اس ضمن میں زچہ و بچہ کی صحت اور اس سے جڑے مسائل کے حل کیلئے تمام ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو بار آور بنانے کے لیے یکجا اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پانچ سالہ منصوبے کے تحت زچہ و بچہ اور تولیدی صحت سے متعلق جامع منصوبہ بندی کی ہے ماں اور بچے کی صحت سے متعلق معیاری طبی سہولیات کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جارہا ہے صحت مند ماں اور بچے کے لئے صنفی بنیادوں پر امتیازی سلوک کا خاتمہ ضروری ہے، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹرربابہ خان بلیدی نے کہا کہ افرادی قوت کی پیشہ ورانہ تربیت اور تیکنیکی رہنمائی کے منصوبوں میں یو این ایف پی کی معاونت کو خوش آمدید کہا جائے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین معاشی و اقتصادی ترقی کے بہتر مواقعوں کو اسوقت ہی حاصل کرسکتی ہیں جب وہ ایک بہتر صحت کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے ویڑن کے مطابق اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
5سالہ منصوبے کے تحت زچہ بچہ کی صحت سے متعلق جامع منصوبہ بندی کی ہے
Aug 11, 2021