پاک  ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کا شماریاتی اور تجزیاتی جائزہ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 18 ویں ٹیسٹ کرکٹ سیریز 12 اگست سے جمیکا میں شروع ہوگی۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسر ا میچ 20 سے 24 اگست تک کھیلا جائیگا ۔ اب تک دونوں ممالک کے درمیان 52 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے پاکستان 20 ٗ ویسٹ انڈیز 17میچز میں فاتح رہا۔ پندرہ میچز ڈرا ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک 17 سیریز کھیلی گئیں جن میں سے پاکستان چھ ٗ ویسٹ انڈیز پانچ سریز میں فاتح رہاجبکہ چھ سیریز کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نویں بار ویسٹ انڈیز کا دورہ کررہی ہے۔ ٹیسٹ سٹیٹس ملنے کے بعد پاکستان ٹیم نے پہلی بار 1958ء میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا اگرچہ ویسٹ انڈیز نے پانچ میچز کی سیریز 3-1 سے جیت لی لیکن پہلے ہی میچ میں پاکستانی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی لیکن پاکستان کے نوعمر بیٹسمین حنیف محمد نے دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوگئے 337 رنز بنا کر متعد د ورلڈ ریکارڈ قائم کردیے ۔ وہ 990 منٹ تک کریز میں ڈٹے رہے اور ایک ایسا ریکارڈ قائم کردیا جو کوئی بیٹسمین آج تک نہیں توڑ سکا۔ اسکے بعد انہوں نے پاکستان کی طرف سے پہلی ٹرپل سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کردیا۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد نے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ میں 337 رنز بنانے کا جو قومی ریکارڈ قائم کیا جو 63 سال گزرنے کے باوجود پاکستان کا کوئی کھلاڑی حنیف محمد کا 337 رنز کا ریکارڈ نہیں توڑ سکا ۔ پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا ۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرا ٹیسٹ 120رنز ٗ تیسرا ٹیسٹ اننگز اور 174 رنز ٗ چوتھا ٹیسٹ8 وکٹ سے جیت لیا ۔ پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرکے پانچواں ٹیسٹ اننگز اور ایک رن سے جیت لیا۔ ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بیٹسمین گیری سوبرز نے تیسرے ٹیسٹ میں 365 رنز بناکر انگلینڈ کے سرٹیس کا 364 رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالاجوانہوں نے 20 اگست 1938 ء کو آسٹریلیا کیخلاف اوول کے میدان میں کھیلے گئے میچ میں قا ئم کیا تھا ۔
 دونوں ممالک کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2017ء میں قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی قیادت میں دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے 2-1سے جیت لی تھی۔ یہ سیریز مصباح الحق کے کیرئیر کی آخری سیریز تھی ۔ اس دورے کے دوران ہی مصباح الحق نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا تھا۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں جو کنگسٹن میں 25-21 اپریل تک کھیلا گیا تھا ۔ مصباح الحق 99 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک کھیلے گئے میچز میں متعدد اہم ریکارڈ قائم ہونے اور یاد گار واقعات رونماہوئے جو کرکٹ کے شائقین کی دلچسپی کیلئے پیش کیے جارہے ہیں ۔ اس میچ کو مایہ ناز ایمپائروں ڈکی برڈ اور اسٹیوبکنر نے سپروائز کیا ۔ انضمام الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2006 ء میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا ۔ یہ سیریز پاکستان نے 2-0 سے جیتی ۔ پاکستان کو پہلی بار ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر آج تک آٹھ سیریز کھیلی گئیں ہیں جن میں سے پاکستان دو ٗ ویسٹ انڈیز چار سیریز میں فاتح رہا۔ دو سیریز برابر رہیں۔ ان سیریز کے دوران مجموعی طور پر 26 میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان سات ٗ ویسٹ انڈیز بارہ میچز میں فاتح رہا جبکہ سات میچز کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ نومبر 2016 ء میں دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز ابوظہبی اورشارجہ میں کھیلی گئی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کے اوپنر اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیرئیر کی پہلی ٹرپل سنچر بنائی۔ وہ 302 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے بائولر اوریندر بشو نے 49 رنز دیکر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے 23 سالہ کھلاڑی بریتھ ویٹ نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست 142 اور دوسری اننگز میں 60 رنز بنائے اس طرح وہ کرکٹ کی تاریخ کے پہلے اوپنر بن گئے جو دونوں اننگز میں ناقابل شکست رہے اور انہوں نے تاریخی ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔
 پاکستانی ٹیم 1958 ء میں برج ٹائون میں 106 اور 1986ء میں لاہور میں صرف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 1992ء میں پورٹ آف سپین میں 127 اور 1986ء میں فیصل آباد میں 53 رنز بنا کر پیولین لو ٹ گئی تھی۔ پاکستان کی طرف سے فضل محمود بارہ ٗ عمران اور وسیم اکرم گیارہ ٗ گیارہ اور مشتاق احمد دس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔ پاکستان کا زیادہ سے زیادہ سکور آٹھ وکٹوں پر 657 رنز تھا جو 1958ء میں برج ٹائون میں بنایا گیا ۔ پاکستان کی طرف سے محمد یوسف سات ٗ انضمام الحق چار ٗ حنیف محمد ٗ وزیر محمد ٗ ماجد خان ٗ عامر سہیل ٗ یونس خان ٗ شاہد آفریدی ٗ مشتاق محمد ٗ وسیم راجہ ٗ جاوید میانداد دو ٗدو ٗاعجاز احمد ٗ سعید انور ٗ راشد لطیف ٗ آصف اقبا ل ٗ عمران خان ٗ عمران نذیر ٗ امتیاز احمد ٗ سلیم ملک اور اظہر علی ٗ مصباح الحق اور ظہیر عباس ٗ سلیم ملک سنچریاں بنا چکے ہیں۔

 رشید ارشد سلیمی  

ای پیپر دی نیشن