آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں عالمی، علاقائی ، ملکی صورتحال ،افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے جی ایچ کیو میں کور کمانڈر کانفرنس سے خطاب میں افغان امن کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا افغانستان میں دیرپا امن کیلئے تمام شراکت داروں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔ افغان امن عمل میں پیشرفت کے لیے ہر ممکن تعاون کیا۔ امن و استحکام کے لیے کاوشیں جاری رکھیں گے۔ افغانستان میں امن علاقائی استحکام کے لیے مرکزی اہمیت کا حامل ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں عالمی،علاقائی اور داخلی سکیورٹی کی صورتحال کا مجموعی جائزہ لیا گیا۔ فورم کو پاک، افغان سرحد صورتحال، داخلی سلامتی، مغربی زون پر اثرات پر بریفنگ دی گئی۔ افغانستان اور سرحدی صورتحال کے پیش نظر اٹھائے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے جامع سرحدی انتظام کے لیے سخت اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور مغربی سرحد پر سخت ترین نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کی سول انتظامیہ کو کورونا وبا کے دوران معاونت کی تعریف کی اور مون سون اور پولیو مہم میں بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔ فورم نے پاکستان کو درپیش کثیرالجہتی چیلنجز کیلئے مجموعی قومی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کی جانب سے اعلیٰ معیار کی آپریشنل تیاری کو سراہا۔