وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزارت اطلاعات کی جانب سے کئے گئے پاکستان کے سوشل میڈیا کے دو سالہ مواد کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا کو استعمال کیا جاتا ہے اور ہمارے اپنے لوگ بھی جانتے بوجھتے یا نہ جانتے اس کا حصہ بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت کی ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے پورے دو سال کے مواد کا بغور جائزہ لیا ہے، جون 2019 سے لے کر اگست 2021 تک پاکستان کے سوشل میڈیا کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ کہتے ہوئے بڑا افسوس ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا اور اس میں پاکستان کے اندر بھارت کی مدد کرنے میں پشتون تحفظ موومنٹ(پی ٹی ایم)اور ان سے تعلق رکھنے والے کارکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اس میں افغانستان کی موجودہ حکومت کے لوگ شامل ہوئی ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی ایم نے ریاست پاکستان کے خلاف جو مرکزی ٹرینڈز لیڈ کیے وہ دو برسوں میں 150 ٹرینڈز ہیں، ان میں 37 لاکھ ٹوئٹس کی گئیں، یہ تقریبا ایک ہزار گھنٹے بنتے ہیں جو پی ٹی ایم کے 150 ٹرینڈز کے لیے استعمال ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی ایم نے یہاں تک کہ بلوچستان کی علیحدگی کو بھی فعال انداز میں حمایت کی اور 14 اگست 2020 کو ایک ٹرینڈ پاکستان سولیڈیریٹی ڈے چلایا گیا، اس ٹرینڈ کو بھارت سے ایک دن میں ڈیڑھ لاکھ ٹوئٹس ملیں، شروع پی ٹی ایم نے کیا اور حمایت ہندوستان سے کیا گیا۔